سعد رفیق کی پرویز الٰہی سے 20 سال بعد ملاقات، ق اور ن لیگ میں قربتیں بڑھنے لگیں؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور  سلمان رفیق نے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی کورونا وائرس کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے لاہور میں چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ 

خواجہ برادران نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع چوہدری پرویزالٰہی نے ن لیگی رہنماؤں کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے تدارک کے لیے تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنے پر مبارکباددی۔

چوہدری پرویزالٰہی کاکہنا تھاکہ کورونا جیسے موذی مرض سے نمٹنے کے لیے سیاست کو ایک طرف رکھ کر ہم سب کو بحیثیت قوم مل کر اس کا مقابلہ کرناہے ،آج انسانیت تقاضا کرتی ہے کہ ہم سب یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ چوہدری خاندان سے ہمارا پرانا تعلق ہے،ہمارے بزرگوں اور چوہدری صاحبان کے بزرگوں کا آپس میں بڑا گہرا تعلق تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس دیرینہ تعلق کو ہم آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں؟

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی یہ تقریباً 20 سال بعد چوہدری پرویزالٰہی سےباضابطہ ملاقات تھی۔

ذرائع کے مطابق شہبازشریف کی اجازت سے خواجہ برادران نے پرویزالٰہی سےملاقات کی جو3گھنٹےجاری رہی اور اس موقع پر حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سعد رفیق نے شہبازشریف کی جانب سے پرویز الٰہی کا شکریہ اداکیا۔

ذرائع کے مطابق سعد رفیق نے پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ نے شیر بن کرحمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، دباؤکےباوجودحمزہ اورسلمان کےپروڈکشن آرڈرپرعمل بھی کرایا۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاسی نظریےاپنی جگہ لیکن سیاسی رواداری کوقائم رکھناچاہیے۔

ذرائع کے مطابق سعدرفیق اورپرویزالٰہی کی ملاقات کےدوران گلےشکوےبھی دورکیےگئے اور پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نےتوپروڈکشن آرڈرجاری کیےلیکن مونس الٰہی کے معاملے پر ایسا دیکھنے میں نہیں آیا جس پر سعد رفیق نے کہا کہ غلطیاں، کوتاہیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ملاقاتوں سے یہ دور ہوجاتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعدرفیق اورپرویزالٰہی کےدرمیان موجودہ سیاسی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔ چینی اورآٹےبحران کی رپورٹ میں جہانگیرترین کانام آنےکےبعدیہ ملاقات اہمیت رکھتی ہے تاہم سعد رفیق کہتے ہیں کہ سیاسی جوڑتوڑپرنہ کوئی بات ہوئی نہ میرےپاس مینڈیٹ تھا۔

مزید خبریں :