18 مارچ ، 2020
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی۔
فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ آپ کو عوام کا درد، احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں قیادت اپنے ہم وطنوں کےساتھ کھڑی ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کے بجائے ن لیگ بیرون ملک بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنےکی اپیل کرے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پر وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں، احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوئی۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر حضرات اس مشکل وقت میں حکومت اور عوام کا ساتھ دیں، حکومت عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائے گی۔
فیاض الحسن چوہان نے عوام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلاوجہ گھروں سے نکلنے، رش والی جگہوں پر جانے اور مصافحہ سے گریز کریں، حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر قوم سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو پھیلنا ہے، عوام احتیاط کریں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
وزیراعظم کے بیان پر ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ بولا، حکومت کے پاس کورونا پر قابو پانے کی نہ صلاحیت ہے اور نہ ہی اہلیت ہے۔