12 اپریل ، 2020
لاہور کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے باعث ایک نوجوان جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں بجلی کے تاروں پر گرنے والی پتنگ کی دھاتی ڈور کے ساتھ لگنے سے ایک نوجوان نصیب اللہ جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب نشتر کالونی میں موٹر سائیکل سوار عثمان گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا جسے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے گجرپورہ، شالیمار، مغلپورہ، لٹن روڈ اور مزنگ سمیت دیگر علاقوں سے 22 پتنگ بازوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نوجوانوں میں پتنگ بازی کا شوق بے لگام ہو گیا ہے، شہریوں نے گھر پر وقت گزاری کے لیے پتنگ بازی کو سہارا بنا لیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 86 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5038 تک پہنچ گئی ہے۔