Time 13 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں آج کورونا سے مزید 5 اموات، ہلاکتیں 96 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 5716 ہو گئی

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید5 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5543 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 95 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 34، سندھ 31 اور پنجاب میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج ملک میں اب تک کورونا کے مزید 311 کیسز سامنے آئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج اب تک پنجاب میں 192 کیسز اور 3 ہلاکتیں، سندھ میں 41 کیسز ایک ہلاکت، خیبر پختونخوا میں 56 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان میں 9 کیسز، بلوچستان ایک جب کہ اسلام آباد میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1452 اور ہلاکتیں 31 ہوگئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 419 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 192کیسز سامنے آئے  اور 3 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2656 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 24  ہے۔

ترجمان کے مطابق 701 زائرین،864 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 89 قیدیوں اور 1002 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب میں ہونے والی 24 ہلاکتوں میں سے 11 لاہور، راولپنڈی 6، رحیم یار خان 2، ملتان، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 272  افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

بلوچستان

صوبے میں آج صرف ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 231 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں پیر  کو 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔  صوبے میں کل ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 800 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 8 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 153 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 233 ہو گئی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 155 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں پیر کو کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔

وزیراطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس نے ٹوئٹ کے ذریعے کیسز کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

ڈاؤیونیورسٹی کے ماہرین کا کورونا کے علاج میں بڑی کامیابی کا دعویٰ

ڈاؤیونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی کے مطابق انٹرا وینیس امیونوگلوبیولن ویکسین کوروناکے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

دنیا میں کتنی اقسام کے کورونا وائرس موجود ہیں؟

لفظ "کورونا"، وائرسز کے اس وسیع خاندان کے لیے استعمال ہوتا ہے جو پرندوں اور انسانوں سمیت ممالیہ کو متاثر کرتا ہے۔ دنیا کو اس وقت جس نئےکورونا وائرس کا سامنا ہے وہ "کووِڈ 19" کہلاتا ہے جو کہ پہلی مرتبہ دسمبر 2019 میں چین میں سامنے آیا۔ مزید پڑھیں۔۔

جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔

 ملک کی سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

14 اپریل کے بعد بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ اعلان کل ہوگا

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہے جس میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باضاطبہ اعلان کل کیا جائے گا۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع

حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :