13 اپریل ، 2020
گھوٹکی میں احساس کفالت پروگرام میں خاتون اُس وقت خوشی سے جھوم اٹھیں جب انہیں 12 ہزار کے علاوہ بقایا جات کی بھی ادائیگی کی گئی۔
وزیراعظم احساس کفالت پروگرام (سابقہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) کے ذریعے کورونا وائرس کی وجہ سے مستحقین میں ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 12 ہزار کی امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
اس کے علاوہ احساس کفالت پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کو ماہانہ دو ہزار روپے بھی دیے جاتے ہیں۔
اوباڑو کے نواحی علاقے ریتی میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت رقم لینے کیلئے آنے والی خاتون کی لاٹری اس وقت لگی جب اسے 12 ہزار روپے ایمرجنسی کیش پروگرام کے اور 9 ہزار کفالت پروگرام کے بقایا جات ملے جس پر خاتون نے خوشی میں جھومر ڈالنا شروع کردیا۔
خاتون کا کہنا تھا 21 ہزار روپے کی رقم ملنے پر وہ بے انتہا خوش ہیں۔
خیال رہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے تقسیم کیے جارہے ہیں جس کے لیے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔