13 اپریل ، 2020
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے 20ارب ڈالرکے کورونا وائرس ریسکیو پیکیج کااعلان کیا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے دیا گیا پیکیج اپنے ترقی پزیرممبر ممالک میں معاشی نقصانات کی بحالی کے لیے ہے۔
پیکیج کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ ترقی پذیر ممبر ممالک کے بجٹ خسارے کے لیے 13ارب ڈالرمختص کیےگئے ہیں جب کہ نجی شعبےکے لیے 2ارب ڈالرمختص کیے گئے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کےترقی پذیر ممبر ممالک میں افغانستان سے میانمار اور بھارت سے چین تک کے ممالک شامل ہیں۔
بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشتوں کی بندش نےکساد بازاری کی فضا پیدا کردی ہے۔
اے ڈی بی کوروناوائرس سے امریکا اور یورپ جیسی بڑی معاشی قوتوں کے متاثر ہونے کے باعث عالمی معیشت کو 4100 ارب ڈالر نقصانات کاخدشہ ظاہر کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 18 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 16ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی اداروں سے اپیل کی تھی کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں اور قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیں تاکہ وہ کورونا سے نمٹ سکیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کرچکا ہے جب کہ عالمی بینک نے بھی ایک ارب ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔