پاکستان
Time 13 اپریل ، 2020

وزیرِاعظم کی زیرصدارت معیشت سے متعلق مالی پیکیج پر عملدرآمد کاجائزہ اجلاس

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وائرس کی روک تھام،اور انتظامات کے لیے 25ارب روپے این ڈی ایم اےکوجاری کیے ہیں،فوٹو:فائل

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت معیشت اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق مالی پیکیج پرعملدرآمد کاجائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء فخرامام،حماداظہر،عمرایوب اور اسدعمر سمیت وزیراعظم کے مشیران عبدالحفیظ شیخ،عبدالرزاق داؤد ،ڈاکٹرعشرت حسین اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر  یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن سمیت دیگر سینیئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے،سیکرٹری خزانہ نے مختلف شعبوں کو مالی معاونت کی تفصیلات اور اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا کے حوالے سے مختلف شعبوں کی سپورٹ کے لیے  1.2 کھرب روپےکے پیکیج کا اعلان کیاگیاہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وائرس کی روک تھام، تشخیص ،علاج اور انتظامات کے لیے 25 ارب روپے این ڈی ایم اےکوجاری کیے ہیں،اس کے علاوہ طبی آلات اور طبی عملے کی سہولیات کے لیے 50 ارب رکھے گئے ہیں جب کہ خوراک اور صحت سےمتعلق سامان پرٹیکسزکی چھوٹ کی مد میں 15ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ دیہاڑی دار مزدروں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے200 ارب روپے مختص کیے ہیں اورکمزورطبقوں اور پناہ گاہوں کے لیے 150ارب روپے مختص کیے ہیں جن کااجرا کیا جاچکاہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی مدمیں عوام کوریلیف فراہم کرنےکے لیے 70ارب روپےمختص کیےگئے ہیں جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورزپر سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے 50ارب روپےدیےگئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گیس اور بجلی بلوں کی مدمیں ریلیف کے لیے حکومت 100ارب روپےفراہم کر رہی ہے جب کہ ایکسپورٹرزکوریلیف فراہم کرنےکے لیے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 مارچ کو 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :