ماہرہ کا وزیراعظم کووڈ-19 ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کا وعدہ

فوٹو: فائل

سپر اسٹار ماہرہ خان نے وزیراعظم کووڈ-19 ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کا وعدہ کرلیا اور ساتھ ہی اپنے چاہنے والوں سے بھی کورونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں عطیات دینےکی درخواست کی ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر کے ذریعے فنڈ دینے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ماہرہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں عمران خان کووڈ-19 ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کا وعدہ کرتی ہوں‘۔

اداکارہ نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’جس کی جتنی بھی حیثیت ہو، اس کے دینے سے فرق پڑے گا اور اس جنگ میں ہم سب خلوص نیت کے ساتھ عطیہ کریں گے، انشا اللہ‘۔

اگرچہ اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے اس رقم کے حوالے سےکچھ نہیں بتایا گیا جو وہ کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ مہوش حیات نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی تھی کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے میڈیکل اسٹاف کی خاطر وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں۔  

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم نے کورونا سے متعلق ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلیف فنڈ کہاں استعمال ہورہا ہے اس کی مکمل تفصیل قوم کو بتائی جائے گی جب کہ آپ اس میں جو پیسہ ڈالیں گے اس کے بارے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2450 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :