پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

پنجاب کی 4 جیلوں کے 89 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی چار جیلوں میں  89 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کیمپ جیل میں59، سیالکوٹ 14،گوجرانوالہ 7 اور ڈی جی خان میں 9 قیدیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

کیمپ جیل حکام کا کہنا ہے کہ  مجموعی طور پر 527 قیدیوں کےکورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جس میں سے  438 قیدیوں کی رپورٹ موصول ہوئیں ان میں سے 59 قیدیوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے جب کہ  379 قیدیوں کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب بھی 89 قیدیوں کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہیں۔

جیل حکام نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر 1500 قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے جس میں سے 800 قیدی حافظ آباد جیل جب کہ 700 قیدی لودھراں جیل بھیج دیے گئے ہیں۔

خیال رہےکہ کیمپ جیل میں 24 مارچ کو پہلے قیدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو کورونا وائرس میں مبتلا اٹلی سے لاہور آیا اور منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوا تھا۔

ادھر سیالکوٹ جیل حکام نے بتایا کہ 36 قیدیوں، 19 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے 14 قیدیوں کے نتائج مثبت آئے ہیں جب کہ گوجرانوالہ 7 اور ڈی جی خان جیل سے 9 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے، اب تک متاثرین کی تعداد 5716 ہوچکی ہے جس میں سے 2826کا تعلق پنجاب سے ہے جب کہ صوبے میں 24 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :