پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

افسوس ہے کہ صوبے میں کورونا سے اموات کی شرح 2.3 ہوگئی: وزیراعلیٰ سندھ

فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں اموات کی شرح 2.3 ہوگئی ہے۔

ویڈیو بیان میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج صوبے میں 66 نئے کیسز آئے ہیں اور 4 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی کل تعداد 35 ہوگئی ہے،  افسوس کی بات ہے اموات کی شرح 2.3 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت 671 مریض گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں جب کہ 227 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 58 مریض آئیسولیشن مراکز میں ہیں، سکھر میں 280 زائرین کے کیسز آئے تھے جس میں سے شفایاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، آج مزید 8 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں اب صرف 6 افراد باقی ہیں وہ بھی جلد اپنے گھروں کو چلے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے موبائل ٹیم کے ذریعے کچی آبادیوں میں 1700 ٹیسٹ کیے ہیں جن کا نتیجہ کل تک آجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جو شدید متاثرعلاقے ہیں ہم نے ان کو سیل کیا ہے اور وہاں ٹیسٹ کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی جس کا اعلان ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ  میرا پیغام ہے حکومت جو بھی ایس او پی بنائے اس پرعمل کیا جائے، میری خاص درخواست ہے کہ اپنے بزرگوں کوکسی صورت باہرنہ نکالیں اور جب آپ گھر واپس جائیں تو اپنے بزرگوں سے دور رہیں کیونکہ بزرگ حضرات جو وائرس کا شکارہوئے ہیں ان کے اموات کی شرح زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک ساڑھے 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 1518 کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 35 افراد بھی لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

مزید خبریں :