Time 16 اپریل ، 2020
کھیل

انڈین پریمیئر لیگ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

کھیل سے جڑے ہر شخص کی حفاظت ہماری ترجیح ہے، آئی پی ایل 2020 اسی وقت ہوگا جب ماحول بالکل سازگار ہوگا، بھارتی بورڈ— فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے 13 ہویں ایڈیشن کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا تاہم 13 مارچ کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسے 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا۔

تاہم اس دوران بھارت میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور وفاقی حکومت نے بھی ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن 3 مئی تک بڑھادیا ہے۔

اب بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ چونکہ حکومت نے لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کردیا ہے لہٰذا ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن نہیں لہٰذا اسے غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کررہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان اور اسپانسرز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت و سلامتی اور اس کھیل سے جڑے ہر شخص کی حفاظت ہماری ترجیح ہے، آئی پی ایل 2020 اسی وقت ہوگا جب اس کے لیے ماحول بالکل سازگار ہوگا۔

بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔

بھارتی بورڈ نے ٹورنامنٹ کے مستقبل میں انعقاد کے حوالے سے کوئی ممکنہ تاریخ نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ انڈیا میں کورونا کے 12 ہزار سے زائد کیسز آچکے ہیں اور اب تک 420 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :