Time 17 اپریل ، 2020
دنیا

اٹلی: ڈاکٹرز اور نرسوں کی کورونا سے ہلاکتوں کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا

عالمگیر وبا کورونا وائرس سے متعلق آئے دن سوشل میڈیا پر  جھوٹی افواہیں اور خبریں گردش کرنے کا سلسلہ تا حال نہ تھم سکا۔  

سوشل میڈیا صارفین  بھی اکثر کسی خبر کی تصدیق کیے بغیر اسے شیئر کر دیتے ہیں جس سے اکثر اوقات لوگوں میں خوف و ہراس بھی پھیل جاتا ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایک اور خبر جھوٹی نکلی جس کی ایک تصویر سیکڑوں بار شیئر کی گئی جس میں اٹلی میں 200 سے زائد ڈاکٹروں اور نرسوں کو کورونا وائرس سے ہلاک دکھایا گیا ہے۔

فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا

یہ خبر جھوٹی ہے جب کہ  یہ تصویر اٹلی میں ہلاک ڈاکٹروں اور نرسوں کی نہیں بلکہ امریکی میڈیکل ٹی وی سیریز گریز ایناٹومی کی ہے۔ 

یہ تصویر پہلی بار 24 مارچ کو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی جس کے بعد اس تصویر کو متعدد صارفین کی جانب سے شیئر کیا گیا۔ 

اٹلی میں کورونا سے اب تک 22 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں تاہم یہ کہنا بالکل غلط اور جھوٹ ہے کہ یہ تصویر اٹلی میں ہلاک ڈاکٹروں اور نرسوں کی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی تھی  جس میں کہا گیا تھا کہ روس میں لوگوں کو  گھروں میں رہنے کے لیے باہر سڑکوں پر شیر چھوڑے گئے ہیں تاکہ وہ گھروں سے نہ نکلیں، یہ خبر بھی ایک جھوٹی خبر تھی جسے متعدد صارفین کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :