04 اپریل ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مقبول ترین سیاحتی مقام اٹلی بھی لاک ڈاؤن ہے اور تمام تر شہری اپنے اپنے گھروں میں ہی رہنے پر مجبور ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی باشندے لاک ڈاؤن کے باوجود بھی بے گھر افراد کی مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
اطالوی باشندے اٹلی کی گلیوں میں بے گھر افراد کی مدد کرنے کے لیے اپنے گھر کی بالکونی سے کھانے سے بھری ٹوکری لٹکا کر ان افراد کی مدد کر رہے ہیں اور اس طرح بے گھر افراد کو ٹوکری میں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی باشندوں کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو "پنارو سولیڈیل" کہا جا رہا ہے جو کہ اینجیلو پیکون نامی شخص کی جانب سے شروع کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کو کرنے کی وجہ یہ تھی کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ہونے سے ملک بھر میں تمام تر دکانیں اور کینٹین بند ہیں اور اس سے بے گھر افراد بھی متاثر ہوئے ہیں، یہ اقدام بے گھر افراد کے لیے یکجہتی ہے۔
دنیابھرمیں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 98 ہزار جب کہ ہلاک افرادکی تعداد 59 ہزار 172 ہو گئی ہے۔ کورونا سے متاثرہ 2 لاکھ 28 ہزار 405 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
اٹلی، اسپین ،امریکا، فرانس اور برطانیہ میں کورونا وائرس کے زبردست حملے جاری ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
فرانس میں ایک ہی روز میں 1120 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ اسپین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 11 ہزار 198ہوگئی ہے۔