دنیا
Time 17 اپریل ، 2020

طالبان نے مزید 20 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو رہا کردیا

— فوٹو: ذبیح اللہ مجاہد 

طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے اور طالبان نے مزید 20 سیکیورٹی اہلکاروں کو رہا کردیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں 20 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو رہا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو رہائی کے موقع پر نئے کپڑے اور کرایہ بھی ادا کیا گیا۔

دوسری جانب افغان نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کا کہنا ہے کہ افغان حکومت نے صدارتی حکم پر بگرام سے 361 طالبان قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ہفتے افغان طالبان نے 20 سیکیورٹی اہلکاروں کو رہا کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبان نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ افغان حکومت حیلے بہانے کرکے قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کررہی ہے۔

لیکن طالبان کے اعلان کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان حکومت کو خبردار کیا تھا کہ آپس کے اختلافات ختم کر کے طالبان سے معاہدہ کریں ورنہ صدر ٹرمپ امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا حکم دے سکتے ہیں اور افغانستان کی امداد بھی روک دیں گے۔

امریکا طالبان امن معاہدہ

29 فروری 2020 کو قطر میں ہونے والے امریکا طالبان معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی شرط بھی شامل تھی جس کے تحت 10 مارچ 2020 تک طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کرنا تھا تاہم فریقین کے درمیان تنازعات اور افغان حکومت کے اعتراضات کے باعث یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔

قیدیوں کے تبادلے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہونے ہیں جس میں افغانستان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔

مزید خبریں :