19 اپریل ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔
اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ خوش آئند ہے، رمضان میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے صدر مملکت کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کےخلاف جنگ میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے اور ان کی جانب سے وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ضابطہ اخلاق کی پابندی اور عوام کو نظم وضبط کی تلقین ضروری ہے، علمائے کرام عوام کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی رہنمائی فرمائیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ قوم متحد ہوئے بغیرکورونا کا مقابلہ نہیں کرسکتی ،صدر مملکت اور علمائے کرام کا اعلامیہ قوم کی آواز ہے لہذا توقع ہے کہ اعلامیے کی شرائط پر سو فی صد عمل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا کا احتیاط ہی سب سے مؤثر علاج ہے لہذا رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کرعبادات کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت اور علمائے کرام کے اجلاس میں رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر سے متعلق 20 نکاتی تجاوز پیش کی گئیں جس کے مطابق مدارس اور امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہیں بچھائی جائیں گی جب کہ کلورین سے صاف کیے گئے فرش پر نماز ہو گی۔
50 سال سے زائد عمر کے افراد، بچے ، زکام ، کھانسی کے مریضوں کا مساجد میں داخلہ ممنوع ہوگا جب کہ صف بندی کے دوران نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا۔
مساجد میں سحری اور افطاری کا اہتمام نہیں ہوگا جب کہ رمضان میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے پر حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔