کووڈ19: کیا سبزیوں، پھلوں اور پیک چیزوں کو صاف کرنا ضروری ہے؟

فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پوری دنیا میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ وائرس نے لوگوں کو تشویش میں بھی مبتلا کر دیا ہے۔

کورونا وائرس کو لے کر آئے روز ایک نئی بحث سامنے آ رہی ہے، کبھی وائرس کے زندہ رہنے سے متعلق تو کبھی وائرس کے خاتمے کے حوالے سے بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

اب حال ہی میں لوگوں کے درمیان کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا وائرس باہر سے خریدے جانے والے پھل، سبزیوں یا سپر مارکیٹ سے خریدے جانے والے پیک فوڈ کی پیکنگ سے بھی پھیل سکتا ہے؟

اس حوالے سے برطانیہ کی حکومت کی جانب سے لوگوں کو ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس کے مطابق کھانے کی چیزوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات بے حد کم ہیں۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کسی کھانے کی چیز میں موجود بھی ہوگا تو کھانا پکاتے دوران یہ وائرس مر جاتا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کے این ایچ ایس کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ باہر سے سامان لانے کے بعد سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دیر تک صابن سے دھوئیں جب کہ پھل اور سبزی کی خریداری کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ براہ راست اسے ہاتھ نہ لگائیں اور ان چیزوں کا چھلکا اتار کر استعمال کریں۔

اس ضمن میں سپر مارکیٹس اور دیگر کھانے پینے کے کاروباری افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی لباس، دستانے اور حفظان صحت کا سختی سے خیال رکھیں۔

علاوہ ازیں سپر مارکیٹ سے خریدی جانے والی اشیاء کی پیکنگ کو کھانے کو نقصان نہ پہنچانے والے جراثیم کش یا گرم پانی میں صابن ملا کر صاف کرنا بھی بہتر رہے گا۔

مزید خبریں :