میرا کا امریکی ہوٹل میں پھنس جانے کے ڈرامے کا بھانڈہ پھوٹ گیا

امریکا میں موجود پاکستانی فلم اسٹار  میرا نے وطن واپسی کے لیے  وزیراعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی درخواست کی تھی تاہم اب تصویر کا دوسرا رخ بھی سامنے آگیا ہے جس نے میرا کی اداکاری کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔

ڈرامہ کوئین اداکارہ میرا خبروں میں رہنے کا فن خوب جانتی ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے نیویارک سے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کی۔

میرا کا کہنا تھا کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے، میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے، گزارہ مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔

لالی ووڈ  اداکارہ نے وزیراعظم عمران خان سے وطن واپسی کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہیں۔

تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ میرا کسی ہوٹل میں نہیں بلکہ وہ اپنے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے گھر میں پارٹیوں میں مصروف ہیں۔

 میرا کے مبینہ سسر راجہ پرویز نے جیونیوز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا دو ماہ سے ان کے گھر میں ہی مقیم ہیں۔

'میرا کو ایسی ویڈیوز بنانے کی عادت ہو چکی ہے'

راجہ پرویز  کے مطابق پتہ نہیں میرا نے باہر کہاں جا کر کسی کمرے سے ویڈیو بنا کر شیئر کر دی، میرا کو ایسی ویڈیوز بنانے کی عادت ہو چکی ہے وہ بے عزتی کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی، ابھی بھی گھر کے کمرے میں سو رہی ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ میرا نیویارک سے اپنے مبینہ شوہر کے ہمراہ مختلف شوبز شخصیات سے ویڈیو کالز  پر بھی رابطے میں ہیں۔

 اداکارہ ریشم کے مطابق 3 روز پہلے ان کی ویڈیو کانفرنس پر میرا سے بات ہوئی تھی اور اس دوران کیپٹن نوید بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

میرا سے رابطے میں ہیں، قونصل جنرل آف پاکستان

دوسری جانب نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی فلم اسٹار میرا سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فلم اسٹار میرا کو رہائش اور مدد ان کی خواہش کے مطابق دی جا رہی ہے، میرا کو فلائٹس اور قونصل سروس کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :