پاکستان
Time 21 اپریل ، 2020

گورنر سندھ نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کھولنے کے مطالبے کی حمایت کردی

کراچی: آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا نے کہا ہے کہ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کاروبار کھلوانے کی وفاق سے ایک گھنٹے میں اجازت لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کی قیادت میں نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں لاک ڈاؤن کے باعث مارکیٹوں کی بندش سے تاجروں کی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کاروبار کھولنے کی اجازت اور باہمی دلچسپی کے دیگرامورپر بھی گفتگو کی گئی۔

اس دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاقی حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، ہرسطح پرمعاونت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث چھوٹے تاجروں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، مارکیٹس کھولنے کے مطالبے کا حامی ہوں لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد تمام اختیار صوبوں کے پاس ہے، اس ضمن میں مدد کی ضرورت ہے تو وفاق ایک لمحہ تاخیر کیے بغیرمدد کوآئے گا۔

گورنرسندھ نے تاجروں کو ان کے تحفظات پر وزیر اعلیٰ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا نے کہا کہ گورنرسندھ نے کاروبار کھلوانے کی وفاق سے ایک گھنٹے میں اجازت لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کھولنے کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔

خیال رہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کو 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا تاہم چند فیکٹریوں کو طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی پر کام کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :