کھیل
Time 21 اپریل ، 2020

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ 16 قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ مکمل

 آن لائن فٹنس ٹیسٹ قومی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک کی نگرانی میں لیےگئے،فوٹو،اسکرین گریب،جیو سوپر

پاکستان کرکٹ بورڈ  (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ 16 قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے۔

پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 16 کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ قومی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک کی نگرانی میں لیےگئے۔

2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کے دوسرے روز 8 سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز نے فٹنس ٹیسٹ دیا جن میں  ٹیسٹ کپتان اظہر علی، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کےکپتان بابر اعظم ،امام الحق ،عثمان شنواری،وہاب ریاض،فخر زمان، محمد عامراور محمد رضوان شامل ہیں۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق شاہین آفریدی، یاسرشاہ اور عابد علی کے ٹیسٹ آئندہ ہفتے لیے جائیں گے کیونکہ کچھ وجوہات کی بنا پر تینوں کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوسکے۔

ان  کرکٹرز نے آئندہ ہفتے ٹیسٹ لینے کی درخواست کی تھی جو ٹیم منیجمنٹ نے قبول کر لی تھی۔

اس کے علاوہ نان سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر محمد حفیظ، شعیب ملک اور نسیم شاہ کے بھی فٹنس ٹیسٹ لے لیے گئے  جو کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ صبور احمد کی نگرانی میں لیے گئے  ہیں۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کل تک جاری رہیں گے،  ڈومیسٹک کرکٹرز کے ٹیسٹ متعلقہ ٹیموں کے ٹرینرز لے رہے ہیں۔

مزید خبریں :