Time 21 اپریل ، 2020
دنیا

لاک ڈاؤن میں نرمی سے کورونا دوبارہ زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے: ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے وارننگ دی ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے کورونا وائرس دوبارہ زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر فار ویسٹرن پیسیفک تاکیشی کاسائی کا کہنا ہے کہ عوام کو ابھی کچھ اور عرصہ اپنا لاک ڈاؤن کا طرزِ زندگی اپنائے رکھنا چاہیے۔ 

انہوں نے تجویز دی کہ جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا انتہائی ضروری ہے، وہاں یہ عمل بتدریج ہونا چاہیے، تمام پابندیاں فوری اٹھادی گئیں تو کورونا وبا پھر سے پھوٹنے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک کورونا وائرس موجود ہے تو کوئی ملک اس وبا سے محفوظ نہیں اور یہ ایک طویل جنگ ہے جبکہ یہ ریجن کے 22 ممالک میں پھیل چکا ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر فار ویسٹرن پیسیفک کے مطابق جاپان میں ایک بار پھر کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ وقت آرام کرنے کا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹرن ریجن میں 5600 افراد جاں بحق اور ایک لاکھ 30 ہزار متاثرہ مریض ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جاپان اور سنگاپور میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

جاپان نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں :