Time 22 اپریل ، 2020
دنیا

ٹرمپ نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مندوں کیلیے مشکل کھڑی کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین گارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے نئی مشکل کھڑی کردی۔

 گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے   امریکا میں عارضی طور پر امیگریشن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے مدت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے لیے امیگریشن عارضی معطل کرنےکے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کروں گا جس کا مقصد امریکیوں کی ملازمت کا تحفظ کرنا ہےکیونکہ کورونا وائرس کے باعث امریکا میں 2کروڑ 20لاکھ افراد بےروزگار ہوچکے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی صدر نے امیگریشن پابندی سے متعلق ٹوئٹ کے بعد بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ  نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امیگریشن معطلی آئندہ 60 روز کے لیے کی گئی ہے۔ 

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے وہ آج ہی امیگریشن معطلی کے حکم نامے پر دستخط کر دیں گے کیونکہ اس اقدام سے لاک ڈاؤن کے بعد معیشت کی بحالی پر اور بے روزگار امریکیوں کو ملازمت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

 امریکی صدر نے کہا کہ ابتدائی طور پر امیگریشن 60 روز کے لیے معطل کی ہے جس کا اطلاق صرف ان افراد پر ہو گا جو گرین گارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں یعنی مستقل رہائش کے خواہاں ہیں۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ  امیگریشن پابندی کا اطلاق عارضی بنیادوں پر داخل ہونے والوں پر نہیں ہو گا یعنی وہ افراد جو عارضی ویزے پر کام کر رہے ہیں، مزید اضافے یا تبدلیوں سے متعلق فیصلہ معاشی حالات دیکھ کر کریں گے۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کورونا وائرس کی وبا کے بہانے مہاجرین کی آمد پر پابندیاں لگانا چاہتی ہے۔

 امریکا میں کوروناسے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث امریکا میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :