Time 22 اپریل ، 2020
کاروبار

ای سی سی نے احساس پروگرام کے تحت 75 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی

اقتصای رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے احساس پروگرام کے تحت 75 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ۔

اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصای رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

ای سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق احساس پروگرام کے تحت 75 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اس رقم سے 60 لاکھ مستحق افراد میں 12 ہزار روپے فی کس تقسیم کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق  اجلاس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 60 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔

اس کے علاوہ درآمد و برآمد پالیسی 2020 ، اور پاکستان اسٹیل کے ملازمین کےلیے 5 ارب 15 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی، رقم کی منظوری ملازمین کی طرف سے عدالتوں میں زیر التواء سیٹلمنٹ کے کیسوں کی مد میں دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کورونا وائرس کی وجہ سے احساس پروگرام کے ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو  پیسے فراہم  کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق 144 ارب روپے احساس پروگرام کے تحت 17ہزارمقامات سے  مستحق افراد کو دیے جائیں گے اور  ہر خاندان کو  12ہزارروپے ملیں گے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں احساس پروگرام کے تحت امدادی رقم ملنے کا سلسلہ شرو ع ہوچکا ہے۔