پاکستان
Time 23 اپریل ، 2020

کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں فرق کرنا سیکھیں، مرتضیٰ وہاب کا شہباز گل کو جواب

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب  نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں ذرا فرق کرنا سیکھیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  شہباز گِل صاحب آپ کی حکومت کورونا جیسی وبا میں کشکول لے کر گھوم رہی ہے، پی ٹی آئی کے نااہلوں کے علاوہ دنیا سندھ حکومت کی معترف ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات سیاست کے نہیں متحد ہونے کے متقاضی ہیں،  شہباز گِل صاحب خدا نہ کرے کہ  آپ کی حکومت کی نااہلی کی سزا قوم کو بھگتنا پڑے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  آپ کی تربیت میں دوسروں کو گالی دینا شامل ہے،چھوٹے تاجروں کو صوبائی حکومت کے خلاف بھڑکانے والے بھی جلد بے نقاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک بھر کے ڈاکٹروں کی تنظیموں نے حکومت سے لاک ڈاؤن میں نرمی اور علماء سے مساجد کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا تھا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت خود کورونا پرسیاست سے تھک گئی ہے اس لیے اس نے  ڈاکٹروں کو آگے کر دیا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ کے ان چند سیاسی ڈاکٹروں سے گزارش ہے کہ وہ سیاست نہ کریں۔

مزید خبریں :