پاکستان
Time 23 اپریل ، 2020

سندھ حکومت نے علمائےکرام سے فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل کردی

سندھ حکومت نے علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان میں  مساجد میں عبادات کے حوالے سے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

کراچی میں سعید غنی اور امتیاز شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات اور مذہبی امور ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پہلےبھی علماء کی مشاورت سے فیصلے ہوئے، اب بھی چاہتے ہیں کہ علمائے کرام کی مدد سے فیصلے کیے جائیں۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف سے کاروباری لوگوں کو اکسایا جارہا ہے، تاجر ہمارے بھائی ہیں اور  ان کا بے حد احترام ہے،تاجروں کے لیے ریلیف دینے کا پلان بنا رہے ہیں اور تاجروں کو سود سے پاک قرضوں کے لیے وفاق کو کہا بھی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں کچھ ایسے لوگ ہیں جن کی فضول باتوں کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پشاور میں دکانیں کھولنے پر فائرنگ کی گئی لیکن صرف سندھ حکومت کوتنقید کا نشانہ کیوں بنایاجاتاہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ علمائے اکرام سے دوبارہ رابطہ کریں گے اور انہیں ڈاکٹرزکے خدشات سے آگاہ کریں گے، ہم ابھی تک صدر مملکت کے  علماء کے ساتھ ہونے والے  معاہدے پر قائم ہیں۔

'ڈاکٹروں نے پریس کانفرنس میں عوام کے سامنے حقائق رکھے'

انہوں نے کہا کہ کل ڈاکٹروں نے پریس کانفرنس کرکے عوام کے سامنے حقائق رکھے تھے تاہم وفاقی حکومت کے ترجمانوں کی طرف سے کہا گیا کہ ڈاکٹرز سیاست کر رہے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے صرف حکومت، تاجر برادری اور لوگوں کے سامنے حالات کی منظرکشی کی تھی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے تاجروں سے مل کر بہترین تجاویزبنائی تھیں، تاجروں نے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی تھی لیکن بنتے ہوئے کام کوخراب کیا گیا اور دکانیں کھولی گئی۔

 ڈاکٹرز کا مساجد کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ

خیال رہے کہ  گزشتہ روز ملک بھر کے ڈاکٹرز نے حکومت سے لاک ڈاؤن میں نرمی اور علماء سے مساجد کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن نرم ہوتے ہی کورونا کے مریض بڑھنے لگے، اگر مریضوں کی تعداد ایسے ہی بڑھی تو اسپتال کم پڑ جائیں گے اس لیے لاک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے۔

ڈاکٹرز نے علماء سے اپیل کی کہ انسانی جان سب سے زیادہ قیمتی ہے لہٰذا علماء عوام کو مسجدوں میں جمع نہ ہونے دیں۔

ڈاکٹروں نے کاروباری اور تاجر برادری سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھاکہ 2 ماہ میں بھوک سے کوئی نہیں مرا، کورونا سے 200 جان سے چلے گئے، ہم نے بھی اپنے کلینکس بند کیے ہوئے ہیں، کاروباری برادری مزید کچھ ہفتے مشکلات کا سامنا کرے۔ 

'حکومت سندھ کورونا پرسیاست سے تھک گئی تو ڈاکٹروں کو آگے کر دیا'

اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سابق ترجمان شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ جب سندھ حکومت خود کورونا پرسیاست سے تھک گئی تو ڈاکٹروں کو آگے کر دیا ہے۔

کراچی میں ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ ڈاکٹروں نے پریس کانفرنس پیپلز پارٹی کے کہنے پر کی، جو فیصلے نیشنل کمانڈ اینڈ کوآپریشنز سینٹر کے اجلاس میں ہوئے تھے اس میں ڈاکٹر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :