24 اپریل ، 2020
یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کردی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کیلئے مراعات کااعلان کردیا گیا ہے، ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 15000سے بڑھا کر17500 کردی گئی ہے جبکہ رمضان ریلیف پیکج کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطوراعزازیہ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ یوٹیلٹی ملازمین نےرمضان سے ایک دن قبل ہڑتال کا اعلان کیا تھا اور آج صبح سے ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز بند تھے۔
صدرآل پاکستان ورکرز یونین یوٹیلٹی اسٹورز سید عارف شاہ نے مطالبات پورے نہ ہونے پر آج سے ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز منیجنگ ڈائریکٹر اور چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز سے آل پاکستان ورکرز یونین کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
عارف شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹور ورکرز کو کورونا بحران میں کام کرنے پر اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، ساتھ ہی ورکرز کے لیے حفاظتی سامان دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔
صدر آل پاکستان ورکرز یونین یوٹیلٹی اسٹورز سید عارف شاہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان ہمارے مسائل کے حل کے فوری احکامات جاری کریں۔
تاہم اب انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ہڑتال ختم کردی گئی اور ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے۔