میرے ساتھ مل کر وزیراعظم کا ساتھ دیں: میرا کی اپیل

فوٹو: فائل

فلم اسٹار میرا نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر وزیراعظم کا ساتھ دیں۔

میرا نے صاحب استطاعت افراد سےکورونا متاثرین اور مستحقین کی مددکی اپیل کی ہے۔

اس حوالے سے میرا کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی اس وقت بہت مشکل حالات میں ہے، اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنی ہوگی۔

انہوں نےکہا کہ مجھے چاہنے والے اور محب وطن پاکستانی وزیراعظم ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں اور ان غریب خاندانوں کی مدد کریں جن کےگھرکا چولہا بھی مشکل سے چل رہا ہے۔

خیال رہے  کہ گزشتہ دنوں نیویارک میں پھنسی اداکارہ میرا نے ایک ویڈیو پیغام میں ہاتھ جوڑ کر وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک اس طرح کے حالات نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہوں جس پر بعض فلم اسٹاروں نے دعویٰ کیا کہ میرا اپنے شوہر کے گھر ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کے لیے امریکا آئی تھیں، تمام ساتھی فنکار واپس جا چکے ہیں لیکن وہ تنہا امریکا میں پھنس گئی ہیں۔

بعد ازاں اداکارہ کا ایک اور ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت کسی کا مذاق اڑانے اور کسی کے جذبات سے کھیلنے کا نہیں ہے،کل بھی نیویارک میں کورونا وائرس نے 500 سے زائد افرادکو نگل لیا جس سے میں شدید خوفزدہ ہوں۔

اداکارہ کا اپنے ویڈیو پیغام کے آخرمیں کہنا تھا کہ دعا کریں جلد پاکستان پہنچ کرکورونا متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے سکوں۔

مزید خبریں :