24 اپریل ، 2020
ملک بھر کی مساجد میں حکومت اور علمائے کرام کے درمیان مشاورت کے بعد متفقہ 20 نکاتی اعلامیے پر عمل جاری ،کئی مساجد میں نمازیوں نے سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر نماز پڑھی۔
مختلف مساجد میں نمازیوں کیلئے بچھے قالین ہٹادیے گئے، صفوں میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کیلئے نشانات لگادیے گئے۔
مساجد کے اندر اور باہر 20 نکاتی ایس او پی کے نکات آویزاں کردیے گئے ہیں جبکہ ہدایت نامے میں نمازیوں سے حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کی گزارش کی گئی ہے۔
مختلف مساجد میں نمازیوں کے ہاتھ دھونے کیلئے صابن کابھی انتظام کیا گیا ہے۔
ملک میں پہلا روزہ کل ہوگا اور آج سے مساجد میں نماز تراویح کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
صدر مملکت عارف علوی سے علماء کی مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ رمضان المبارک میں مساجد میں عبادات اور نماز تراویح کی اجازت ہوگی تاہم مسجد انتظامیہ اور نمازیوں کو 20 نکاتی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
اس اعلان کے بعد ملک بھر کی مساجد میں نماز تراویح کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تاہم گزشہ روز رات گئے وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ مساجد میں نماز تراویح نہیں ہوگی اور محض مسجد میں متعین افراد کو ہی باجماعت نمازوں اور تراویح کی اجازت ہوگی بقیہ لوگ گھروں میں عبادت کریں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ سندھ کی مساجد میں نماز تراویح کے اجتماعات ہوتے ہیں یا نہیں۔