Time 26 اپریل ، 2020
پاکستان

فضائی آپریشن کی بندش 15 مئی تک بڑھا دی گئی

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی  فضائی آپریشن کی بندش میں مزید  توسیع کردی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق توسیع 15 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک کے لیے کی گئی ہے۔

 ترجمان وزارت ہوابازی کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بین الاقومی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15 مئی تک توسیع کردی گئی ہے مگر اس دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔

ترجمان وزارت ہوابازی کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز کے ذریعے یکم سے 10 مئی تک 4 ہزار 3 سو 70 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ اس دوران مختلف ممالک میں محصور پاکستانیوں کے لیے 36 فلائٹس چلائی جائیں گی۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تمام پروازیں  سعودی عرب، قطر، بحرین، ترکی، کینیا، سوڈان اور انگلینڈ سے پاکستانیوں کو واپس لائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پروازوں پر عائد پابندی میں تیسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے اس سے قبل پابندی 14 اپریل تک لگائی گئی تھی جس میں 21 اپریل تک توسیع دی گئی تھی پھر 30 اپریل تک توسیع دی گئی تھی۔


مزید خبریں :