26 اپریل ، 2020
دنیا بھر میں نوول کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے نئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں اب تک 2 لاکھ 33 ہزار 9 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران وائرس سے مزید 2500 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 54 ہزار 265 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد بھی 9 لاکھ 60 ہزار 896 ہو گئی ہے۔
ماہ مبارک رمضان کی آمد ہوتے ہی سعودی عرب کے شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ تمام علاقوں میں جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا حکم دے دیا ہے، اس کے علاوہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے باجماعت نمازوں پر پابندی عائد ہے جب کہ تراویح کو بھی 10 رکعت تک محدود کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں کورونا کیسز کی کل تعداد 16 ہزار 299 ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 136 ہے۔
میکسیکو اور سنگاپور میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کسیز کی تعداد میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
میکسیکو میں اچانک 970 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 14 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 84 مریضوں کے انتقال کے بعد مجموعی تعداد 1 ہزار 305 ہو گئی ہے۔
سنگاپور میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران نئے 931 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 624 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 12 ہے۔
اسی طرح بھارت اور برازیل میں بھی کورونا کسیز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بھارت میں 213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 26 ہزار 496 ہو گئی ہے جب کہ 43 نئی اموات کے بعد تعداد 825 ہو گئی ہے۔
برازیل میں 128 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 59 ہزار 324 ہو گئی ہے جب کہ 4 ہزار سے زائد مریض موت کی نیند سو چکے ہیں۔
دوسری جانب چین میں گزشتہ 10 روز کے دوران کورونا کے باعث ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 632 ہی ہے۔
چین کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے زیادہ تر امپورٹڈ سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث ساری توجہ روس سے واپس آنے والے چینی شہریوں پر مرکوز کر دی گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ اسپین میں یہ تعداد 22 ہزار 902 اور فرانس میں 22 ہزار 614 ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہزار 319 ہو گئی ہے جب کہ جرمنی میں مزید ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار877 تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ 23 ہزار 342 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے، 8 لاکھ 37ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکےہیں۔