Time 27 اپریل ، 2020
دنیا

بھارت میں قرنطینہ میں موجود خاتون اجتماعی زیادتی کا شکار

 بھارت میں اوسطاً ہر 20منٹ میں ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، رپورٹ:فوٹو:فائل

بھارتی ریاست راجستھان میں قرنطینہ میں  موجود ایک خاتون اجتماعی زیادتی کا نشانہ  بن گئی۔

بھارت جس کا شمار خواتین کے  تحفظ کے حوالے سے دنیا کے بدترین ممالک میں ہوتا ہے اب وہاں کورونا جیسی وبا میں بھی خواتین محفوظ نہیں ہیں۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ایک 40 سے 45 سالہ خاتون  گذشتہ ہفتے لاک ڈاؤن کے باعث  راجستھان کے علاقے مادھو پور میں پھنس گئی تھی۔

جے پور کی رہائشی خاتون نے پناہ کے لیے مقامی پولیس اسٹیشن سے مدد طلب کی تھی  تاہم  پولیس نے اسے کورونا کے شبے میں ایک سرکاری اسکول میں ایک رات کے لیے عارضی طور پر ٹھہرادیا تھا کیونکہ وہاں کوئی اور قرنطینہ مرکز موجود نہیں تھا۔

اس دوران 3 مقامی نوجوانوں نے  اسکول میں داخل ہو کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم اب انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے اور تمام ملزمان کی عمریں 20 سال کے قریب ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ایک قرنطینہ مرکز میں بھیج دیا گیا ہے جہاں اس کے ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو انڈیا  کے مطابق بھارت میں اوسطاً ہر  20 منٹ میں ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 826 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :