زوم استعمال کرنے والے ہیکرز کی ای میلز سے ہوشیار رہیں

زوم استعمال کرنے والے ہیکرز کی جھوٹی ای میلز سے ہوشیار رہیں—فوٹو فائل

 ٹیلی کانفرنس کی ایپ زوم استعمال کرنے والوں کو  ہیکرز کی جعلی ای میلز سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سائبر سیکیورٹی کی فرم ابنارمل سیکیورٹی نے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہےکہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران زوم کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے کیونکہ لوگ گھروں میں کام کرنے کے باعث اس سے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں جس سے وہ  دفاتر کے معاملات، اسکول کلاسز اور دیگر میٹنگز میں شرکت کررہے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی  فرم کا کہنا ہے کہ زوم کے استعمال میں جہاں تیزی سے اضافہ ہوا ہے وہیں اس پر ہیکرز نے بھی اپنا جال بھی وسیع کیا ہے۔

ہیکرز کی جانب سے زوم میٹنگ کے لیے جعلی ای میلز ایک یاد دہانی کی صورت میں آتی ہیں جس میں وہ ملازمین کو ان کی جاب  سے فارغ ہونے کے سلسلے میں ایچ آر سے میٹنگ کا کہتے ہیں تاکہ صارفین گھبراہٹ میں اسے فوری طور پر  پڑھیں۔

جعلی ای میل میں زوم  میٹنگ کئ دعوت نامے کا لنک موصول ہوتا ہے جو دراصل  ہیکرز کی جعلی سائٹ ہوتی ہے تاہم ملازمین پریشانی میں مبتلا ہو کر لنک پر فوری طور پر کلک کر دیتے ہیں جس سے وہ ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹ نمبر وغیرہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ای میل  سیکیورٹی کے مطابق ہیکرز اس چال کے تحت اب تک 50 ہزار سے زائد میل باکس کو کامیابی سے ہیک کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے قبل ہی ’زوم‘ کی ناقص سیکیورٹی کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور اسے لوگوں کی پرائیویسی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔

اسی طرح زوم میں موجود دیگر مسائل میں زوم کی ریکارڈنگز کا غیر محفوظ ہونا اور فیس بک کے ساتھ نامعلوم ڈیٹا شیئر کرنا بھی شامل ہے۔

یہاں تک کہ گوگل نے بھی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اپنے ملازمین کو ٹیلی کانفرنس کی ایپ ’زوم‘ کا استعمال کرنےسے منع کر دیا ہے۔

مزید خبریں :