پاکستان
Time 27 اپریل ، 2020

وفاق کورونا کیخلاف سندھ کے بہتر کام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے : بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے خلاف سندھ کے بہتر کام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ وفاق اٹھارہویں ترمیم کی غلط تشریح کر کے اپنی ذمہ داری سے دست بردار نہیں ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ وفاق اور وزیراعظم صوبوں سے اظہارِ لاتعلقی کر رہے ہیں، اٹھارہویں ترمیم صوبوں کو اختیار دیتی ہے، وفاق کو راہِ فرار نہیں دیتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب وفاق سندھ کے اسپتال چھیننا چاہتا ہے تو اُس وقت اٹھارویں ترمیم نظر نہیں آتی، 18ویں ترمیم کے بعد وفاق کا کوئی کردار نہیں توپھر ملک میں نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کیوں ہے؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں ایک قومی سطح کی پالیسی بنانے کی ذمہ داری وفاق پر عائد ہوتی ہے لیکن اس وقت وہاں قیادت کا فقدان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت مل کرکام کرنے کے بجائے اپنی نالائقی اورنا اہلی چھپانے کے لیے سب سے کامیاب صوبے کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے، صوبے کو اگریہ پیغام ملے کے آپ اکیلے ہیں تواس کے نتائج وفاق کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

'چندہ اکٹھا کرنا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے'

کورونا ریلیف فنڈ کے لیے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پیسے اکٹھا کرنا ضروری ہے،لیکن عمران خان کویہ بھی سمجھنا چاہیے کہ چندہ اکٹھا کرنا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 871 ہوچکی ہے جن میں سے 292 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے 4 ہزار 956 تصدیق شدہ کیسز ہیں جن میں سے 85 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :