Time 28 اپریل ، 2020
پاکستان

ثانیہ نشتر نے این سی او سی اجلاس میں نادرا دفاتر کھولنے کا معاملہ اٹھادیا

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) دفاتر کھولنے کا معاملہ اٹھادیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کے انگوٹھے کے نشانات کے مسائل درپیش ہیں اور کچھ افراد کے والد فوت ہو چکے مگر ڈیتھ سرٹیفکیٹ نادرا میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ان کو رقم کے حصول میں مسائل درپیش ہیں، اس لیے نادرہ دفاتر کھولے جائیں۔

اس حوالے سے احساس کیش پروگرام حکام نے بتایا کہ نادرا دفاتر کھولنے کی درخواست گزشتہ ہفتے وزیراعظم کو بھجوائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر نادرا دفاتر کھولنے کے حوالے سے نادرا حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور نادرا دفاتر جلد از جلد کھولنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب وزرات داخلہ نادرا کے دفاتر کھولنے کیلئے  قوائد وضوابط کا جائزہ لے رہی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے اور اسی وجہ سے نادرا دفاتر کو بند کردیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم احساس کفالت پروگرام (سابقہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) کے ذریعے کورونا وائرس کی وجہ سے مستحقین میں ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 12 ہزار کی امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جس کیلئے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :