Time 29 اپریل ، 2020
پاکستان

پی ٹی آئی کا سندھ حکومت کا کووِڈ ریلیف آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

یہ قانون سازی صرف تالیاں بجوانے کے لیے ہے، اس پر عمل کرانا بہت مشکل ہے ،فردوس شمیم نقوی ،فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سندھ حکومت کا منظور کردہ کورونا ریلیف آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ کی جانب سے کووڈ 19 آرڈیننس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، بغیرسوچے سمجھے اس قسم کی قانون سازی پہلی باردیکھ رہا ہوں۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے، یہ قانون سازی صرف تالیاں بجوانے کے لیے ہے، اس پر عمل کرانا بہت مشکل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت بجلی اورگیس کے بلوں میں رعایت دینے کی قانونی طور پراہل نہیں، وفاق کے ماتحت آنے والے اداروں کے حوالے سے حکومت کیسے فیصلہ کرسکتی ہے؟

فردوس شمیم نقوی کاکہنا ہے کہ اس قانون سازی سے 80 فیصد وفاق متاثر ہوگا  جب کہ اس کا سہرا سندھ حکومت اپنے سرسجا رہی ہے،لاک ڈاؤن کے دوران جب ادارے کمائیں گے نہیں تو کیسے ملازمین کو تنخواہیں دیں گے۔

 واضح رہے کہ دو روز قبل سندھ کابینہ نے 'سندھ کووڈ 19 ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020' منظور کیا تھا جسے منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھجوادیا گیا ہے اور اب اس کی منظوری کا انتظار ہے۔

' آرڈیننس کے تحت  کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جاسکے گا'

اس آرڈیننس کے تحت صوبے میں کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جاسکے گا اور پانی، بجلی اور گیس کے کم سطح کے بل نہیں لیےجائیں گے۔

آرڈیننس کے تحت 50 ہزارروپے سے کم کرائے والوں سے کرایہ نہیں لیا جائےگا جب کہ 50 ہزار سے زیادہ کرایہ والوں کو بقیہ رقم بعد میں دینی ہوگی۔

 خیال رہے کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 695 ہوچکی ہے جن میں سے 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :