پاکستان
Time 29 اپریل ، 2020

زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے: معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف نے کہا  ہے کہ ہماری حکمت عملی یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اجلاس ہورہے ہیں جس میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح 2.1 فیصد ہے، ہماری حکمت عملی یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کو 24 گھنٹے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

معید یوسف  نے مزید بتایا کہ افغانستان کے ساتھ طورخم اور چمن بارڈر کو مرحلہ وار کھول رہے ہیں اور افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو مرحلہ  وار واپس لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بیرون ملک پروازوں پر کوئی پابندی نہیں، بیرون ملک سے پاکستان آنے والے سفارتخانوں سے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 335 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :