Time 29 اپریل ، 2020
پاکستان

میڈیا بحران کا شکار ہے، واجبات عید سے پہلے ادا کردیے جائیں گے: وفاقی وزیر اطلاعات

واجبات ایک خاص مکینزم کے تحت ادا کیے جائیں گے تاکہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ہی ادا ہوجائیں: شبلی فراز کی گفتگو— فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ میڈیا بحران کا شکار ہے اور واجبات عید سے پہلے ادا کردیے جائیں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے گزشتہ روز ہی وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا ہے اور انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان دیا گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ میڈیا بحران کا شکار ہے، معاشی بحران کی وجہ سے کافی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج ہی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ میڈیا ہاؤسز کے واجبات عید سے پہلے ادا کردیے جائیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ واجبات ایک خاص مکینزم کے تحت ادا کیے جائیں گے تاکہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ہی ادا ہوجائیں۔

خیال رہے کہ وزیر اطلاعات کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے عاصم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بھی مقرر کیا ہے۔

مزید خبریں :