01 مئی ، 2020
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو پورے رمضان میں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان تک جاری رکھا جائے گا، 23 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو ہی توسیع دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران برآمدی صنعتوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی، لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل کرنے والی صنعتوں کی تعداد 528 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نےدو روز میں مزید 90 صنعتوں کو کام کی اجازت دے دی ہے، 30 اپریل کو 68 اور یکم مئی کو 22 فیکٹریوں کو کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سندھ حکومت نے بھی لاک ڈاؤن 9 مئی تک بڑھادیا تھا۔