پنجاب حکومت کا اب روزانہ کورونا کے 6 ہزار ٹیسٹ کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبےکے پاس ٹیسٹنگ کِٹس کی کمی نہیں،کل سے یومیہ 6 ہزار ٹیسٹ شروع کردیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا کے 6859 مریض ہیں جن میں سے 115 افراد کا انتقال ہوچکا ہے اور  2ہزار 206 مریض صحت یاب ہو کے گھروں کو جا چکے ہیں جب کہ صوبے میں 90 ہزار افراد کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ  پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کی 8 لیب فعال ہیں، 60 کروڑ روپے کی لاگت سے لیول تھری لیب تیارکی جارہی ہیں، 6 اضلاع  سے اسمارٹ سیمپلنگ کا آغاز کردیا ہے اور کل سے یومیہ 6 ہزار ٹیسٹ کریں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ سیمپلنگ کے ذریعے کورونا کے پھیلاؤ کاجائزہ لیا جائےگا جب کہ بیرون ملک سے آنے والوں کو گھروں میں قرنطینہ کرنے کی سفارش وفاق کو بھجوائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 28 لاکھ خاندانوں میں 34 ارب تقسیم کیے جا چکے ہیں اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کاروبار کھولنے سے متعلق وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کی ہیں جس میں کنسٹرکشن سے متعلق انڈسٹری، پاور لومز اور  ایکسپورٹ سیکڑ سمیت مارکیٹیں کھولنے کی سفارشات شامل ہیں۔

قرنطینہ مراکز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  قرنطینہ سینٹرز میں شہریوں کی شکایت پر انکوائری کا حکم دیا ہے،قرنطینہ میں مریضوں کوسہولیات دی جارہی ہیں اور قرنطینہ میں موجود 90 فیصد لوگ صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد ساڑھے 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 421 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کے  مطابق ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 93 ہزار 859 افراد کے ٹیسٹ  کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :