کھیل
Time 03 مئی ، 2020

خواتین کرکٹرز کیلئے بھی آن لائن سیشنزکا اعلان، وسیم اکرم اور بابر اعظم ٹپس دیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم اور کپتان قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابراعظم کے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔

آن لائن سیشنز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو اعلیٰ پائے کے کرکٹرز سے کھیل کے گُر سکھانا اورکورونا لاک ڈاؤن کے دوران ان کی توجہ کھیل پر برقراررکھنے میں مدد دینا ہے۔

35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا جس میں قومی خواتین کرکٹرز کومختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق معلومات فراہم کیی جائیں گی۔

آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر وسیم اکرم، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو اپنے 18 سالہ طویل بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر سے حاصل ہونے والے تجربات سےآگاہ کریں گے اور یہ سیشن پیر کے روز منعقد ہوگا۔ 

خیال رہے کہ وسیم اکرم گذشتہ ہفتے مینز کرکٹرز کے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس دوران ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور طویل طرز کی کرکٹ میں دنیا کے پانچویں بہترین بلے باز بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گُر سکھائیں گے۔

خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہےکہ وہ وسیم اکرم کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اور وہ بخوبی جانتی ہیں کہ وسیم اکرم نے اپنی عمدہ بولنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔

انہوں نے کہاکہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ 

مزید خبریں :