04 مئی ، 2020
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ہفتے کے روز دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ ہفتے کو نادرا دفاتر کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ عوام کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا دفاتر ہفتے کو معمول کے مطابق مقررہ اوقات پر کھلے رہیں گے۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث نادرا دفاتر کئی روز بند رہنے کے بعد آج سے کھولے گئے ہیں۔
4 مئی سے کھلنے والے دفاتر کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق دفاتر پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر 4 بجے تک کھلیں گے اور جمعے کو دفتری اوقات صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے نادرا دفاتر کھولنے کی سفارش کی تھی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کو انگوٹھے کے نشانات کے مسائل درپیش ہیں اور کچھ افراد کے والد فوت ہو چکے مگر ڈیتھ سرٹیفکیٹ نادرا میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ان کو رقم کے حصول میں مسائل درپیش ہیں، اس لیے نادرہ دفاتر کھولے جائیں۔