Time 03 مئی ، 2020
پاکستان

نادرا کا ملک بھر میں پیر سے دفاتر کھولنے کا اعلان

 ملک بھر میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفاتر  پیر 4 مئی سے کھل جائیں گے۔

نادرا نے 4 مئی سےکھلنے والے دفاتر  کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں جس کے مطابق دفاتر  پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر 4 بجے تک کھلیں گے اور جمعے کو دفتری اوقات صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گے۔

نادرا اعلامیے کے مطابق  شہری دفاترپر آنے سے پہلے معلومات کے لیے نادرا سینٹر 7000 پرکال ضرورکریں، نادرا دفاتر میں داخلے کے لیے ماسک، سینی ٹائزر اور دیگر حفاظتی اقدامات لازمی ہیں اور  دفاتر کے اندر اور باہر دی گئی ہدایات پرعمل اور حفاظتی دوری رکھنا لازمی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2019 سے 30 جون 2020 تک زائد المیعاد شناختی کارڈ کی مدت جولائی 2020 تک بڑھائی جاچکی ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ فی الحال نئی رجسٹریشن اور بائیو میٹرک تصدیق والے شہریوں کو ترجیح دی جائے گی جب کہ شہری شناختی کارڈ کی وصولی کے لیے 15 مئی کے بعد رجوع کریں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے نادرا دفاتر کھولنے کی سفارش کی تھی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کے انگوٹھے کے نشانات کے مسائل درپیش ہیں اور کچھ افراد کے والد فوت ہو چکے مگر ڈیتھ سرٹیفکیٹ نادرا میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ان کو رقم کے حصول میں مسائل درپیش ہیں، اس لیے نادرہ دفاتر کھولے جائیں۔

مزید خبریں :