لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائنی وارڈ میں 9 ڈاکٹروں سمیت 29 افراد کورونا سے متاثر

پشاور کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائناکولوجی وارڈ  میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے  29  افراد میں کورونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔

 گائناکولوجی وارڈ میں بڑی تعداد میں عملے کے متاثر ہونے کے بعد وارڈ کو 2 ہفتوں کو کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ اسپتال کی پوری عمارت کو قرنطینہ قرار  دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شعبہ  گائناکولوجی کے  ڈائریکٹر ڈاکڑ خالد مسعود کی جانب سے سیکرٹری ہیلتھ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جس کے مطابق گائنی وارڈ میں زیادہ تر نرسز اور ڈاکٹرز کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گائنی وارڈ کے اسٹاف کےکورونا کے 68 ٹیسٹ میں 29 مثبت آئے ہیں، 2 ہفتوں میں اسپتال کی پوری بلڈنگ کو قرنطینہ قرار دیا جائے گا اور اسٹاف کی اسکریننگ بھی ہوگی۔

ڈاکڑ خالد مسعود  کا کہنا ہے کہ شعبہ گائناکالوجی کی بندش سے مریض متاثر نہیں ہوں گے، مریض حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، خیبرٹیچنگ اور دیگر اسپتالوں سے علاج کرواسکتے ہیں۔

صدر پرووینشل ڈاکٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر فضل منان کے مطابق  لیڈی ریڈنگ اسپتال کے 9 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اس کے علاوہ ضلع  بنوں میں بھی 5 ڈاکٹرز کورونا کا شکار ہوئے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر فضل منان کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا سےمتاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 58 ہوگئی ہے جب کہ ایک پروفیسرکا انتقال بھی ہوا ہے۔

انہوں نے تمام ڈاکٹروں کے ٹیسٹ کرنے کے علاوہ متاثرہ شعبے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 288 ہوچکی ہے جب کہ 185افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :