سندھ میں اب تک 2 کورونا مریضوں کو پلازمہ لگایا جاچکا: ڈاکٹر طاہر شمسی

کراچی: قومی ادارہ برائے امراض خون کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا ہے کہ سندھ میں اب تک 2 کورونا مریضوں کو پلازمہ لگایا جاچکا ہے۔

ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ مریضوں کو 2 روز قبل پلازمہ لگایا گیا تھا جس کے بعد سے ان میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلازمہ دیے جانے والوں میں ایک 63 سالہ شخص اور ایک 35 سالہ خاتون شامل ہیں جن میں سے ایک کا تعلق کراچی اور دوسرے کا جامشورو سے ہے۔

دوسری جانب قومی ادارہ برائے امراض خون اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کا معاہدہ ہوگیا ہے جس کے تحت جناح اسپتال میں زیرعلاج ضرورت مند مریض کو پلازمہ دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  پشاورکے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں بھی کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کے پلازمہ سے کورونا مریضوں کے علاج کا آغاز ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں پیسیو امیونائزیشن کا طریقہ علاج ممتاز ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کی تجویز پر اختیار کیا جارہا ہے جس کی اجازت حکومت سندھ دے چکی ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے کونویلسینٹ پلازمہ کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔