بھارت میں لاک ڈاؤن کے باعث پھنسے 193 پاکستانی واہگہ کے راستے وطن پہنچ گئے

یہ پاکستانی بھارت میں کورونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن اور بارڈر بند ہونے سے بھارت میں پھنس گئے تھے،فوٹو:فائل

 لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت میں پھنسے 193 پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے واپس وطن پہنچ گئے۔

 وطن واپس پہنچنے والے پاکستانیوں کو قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں 72 گھنٹوں تک رکھا جائے گا اور ان کاطبی معائنہ بھی ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مختلف بھارتی ریاستوں سے یہ پاکستانی نجی گاڑیوں پر بارڈر تک پہنچے تھے اور ان لوگوں نے گذشتہ رات بھارتی شہر امرتسر میں گزاری تھی۔

رپورٹ کے مطابق علاج معالجے اور دیگر ویزوں پر بھارت جانے والے یہ پاکستانی بھارت میں کورونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن اور  بارڈر بند ہونے سے بھارت میں پھنس گئے تھے۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی خصوصی پرواز پی کے 784 ترکی میں پھنسے 284 پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچ گئی۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسافروں کا طبی معائنہ اور اسکریننگ کی گئی اور انہیں قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیاجب کہ 2 مشتبہ مسافروں کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :