06 مئی ، 2020
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا مریضوں کو گھر میں قرنطینہ کرنے کے ضابطہ کار کی اصولی منظوری دے دی۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو طے کردہ ضابطہ کار پربریف کیا گیا تھا۔
پنجاب حکومت کے مطابق وفاق کی اجازت کے بعد ہوم قرنطینہ کا نفاذ پنجاب میں کیا جائے گا اور ہوم قرنطینہ سے متعلق عالمی معیار کے مطابق گائیڈ لائنز فراہم کی جائیں گی۔
قرنطینہ کے معیار سے متعلق ضروری نکات سے تحریری طورپر آگاہ کیا جائے گا اور ہوم قرنطینہ اپنانے پر شہری کو بیان حلفی دینا ہوگا جبکہ حکومت کی مقرر کردہ ٹیمیں گھروں میں جا کر قرنطینہ کے معیار کو چیک کرسکیں گی۔
متاثرہ شخص کو حکومت کے قائم کردہ قرنطینہ مراکز اور ہوٹل میں جانے کا بھی آپشن دیا جائے گا، 24 گھنٹے میں سیمپل کی رپورٹ آجائے گی اور مثبت ہونے کی صورت میں قرنطینہ میں جانا ہوگا۔
متعلقہ اضلاع میں بھیجے جانے والے کورونا مریضوں کی آمدورفت کے لیے فول پروف طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 156 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 8693 ہے۔