فیشن ڈیزائنر نبیلا کی کورونا کے حفاظتی اقدامات کے ساتھ سیلون کھولنے کی تیاری

فوٹو انسٹاگرام—

پاکستان کی معروف میک اپ آرٹسٹ نبیلا نے کورونا سے بچاؤ کی تمام احیتاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ’نبیلا سیلون‘ کھولنے کی تیاری کرلی۔

چند روز قبل میک اپ آرٹسٹ نبیلا نے اپنے سیلون کے انسٹاگرام پیج پر ایک ویڈیو  پیغام شیئر کیا جس میں کہا کہ کورونا وبا کے باعث سب سے زیادہ پریشانی کا شکار کاروباری صنعت ہے لیکن یہ ہم سب کا انتخاب ہے۔

نبیلا نے کہا کہ ہم سب کے پاس انتخاب کرنے کا اختیار ہے یا تو ہم اس دائرے میں جیتے رہیں جو ہمیں پاگل کردے یا تو کچھ ہونے کی خبر کا انتظار کریں یا پھر ہم اس دائرے کی ذمہ داری لیں جس میں رہ کر کام کیا جاسکتا ہے۔

نبیلا اپنے سیلون کو مکمل طور پر سینیٹائز کروا رہی ہیں اور عملے اور کلائنٹ کے لیے تمام حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنا رہی ہیں تاکہ جلد ہی ’نبیلا سیلون‘ کھول دیا جائے۔

نبیلا نے انسٹاگرام پوسٹ میں مختلف ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سیلون میں ہر آنے والے شخص کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا، ٹریول ہسٹری پوچھی جائے گی، گلوز اور ماسک پہننا لازمی ہوگا جب کہ مکمل طور پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا۔

ایک ویڈیو پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تمام عملے نے کام کے دوران اپنے آپ کو کورونا شیلڈ کور سے ڈھکا ہوا بھی ہے۔

نبیلا کے اس اقدام پر متعدد افراد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح آپ اپنی مرضی چلا رہی ہیں جو حکومت کے بنائے گئے قانون کے خلاف ہے، لاک ڈاؤن ہے اور اس کا آپ کو خیال رکھنا چاہیے۔

تاہم نبیلا نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف عملی نمونہ ہے سیلون تب ہی کھول جائے گا جب حکومت کی جانب سے اجازت ملے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس طریقے کار کو اپنانے کا مطلب ہے یہ ایک نیا دور ہے۔

واضح رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے صرف چند کاروبار کو کھولنے کی مشروط اجازت ہے جس میں اب تک بیوٹی پارلرز شامل نہیں ہیں۔

مزید خبریں :