07 مئی ، 2020
بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد میں یکدم اضافہ ہو گیا ہے جب کہ پولینڈ میں ہونے والے صدارتی انتخابات عالمگیر وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 23 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار 183 ہو چکی ہے جب کہ 74 ہزار 807 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
امریکا کی کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کوروناوائرس کے باعث اب تک ملک میں 3 کروڑ سے زائد لوگ بے روز گار ہو چکے ہیں جب کہ ہر پانچواں بچہ غذائی قلت کا شکار ہو گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ٹاسک فورس کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی۔
دنیا میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر موجود ملک برطانیہ کے بینک آف انگلینڈ کے مطابق برطانیہ کو کورونا وائرس کے باعث 300 سال کے شدید ترین مالی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بینک آف انگلینڈ کے مطابق 2020 میں برطانیہ کی معیشت میں 20 فیصد گراؤٹ ہو سکتی ہے جو 2021 میں 15 فیصد تک واپس آ سکتی ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 2 لاکھ ایک ہزار سے زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔
بھارت میں سخت لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ روز بھی مزید ساڑھے 3 ہزار افراد میں کورونا کیس تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 52 ہزار 952 تک پہنچ گی ہے جب کہ ہلاک افراد کی تعداد بھی 1783 ہو چکی ہے۔
بھارت میں کیسز کی زیادہ تعداد ممبئی، نئی دہلی اور احمد آباد سے سامنے آ رہی ہے ، یہ تینوں شہر بھارتی معیشت کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔
برازیل میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد برازیل کے وزیر صحت نے پہلی بار وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کو ضروری قرار دیا ہے جب کہ پولینڈ میں لاک ڈاؤن کے باعث 5 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
نیدر لینڈز نے یکم جون سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ریسٹورنٹس ،کیفے اور میوزیم کھولنے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازم ہو گا۔
ہالینڈ میں پرائمری اور نرسری اسکول آئندہ ہفتے سے کھول دیے جائیں گے جب کہ ہالینڈ میں سیکینڈری اسکول جون میں کھولے جائیں گے۔
جنوبی کوریا میں بھی کورونا وبا پر قابو پانے کے بعد لاک ڈاؤن ہونے کے بعد دفاتر، عجائب گھر اور کتب خانے کھول دیے گئے ہیں تاہم سماجی فاصلوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 38 لاکھ 22 ہزار 955 افراد متاثر اور 2 لاکھ 65 ہزار 84 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 13 لاکھ 3 ہزار کے قریب افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔