07 مئی ، 2020
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے گندی سیاست بیماری سے زیادہ افراتفری پھیلا رہی ہے۔
گورنر سندھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس فلو کی قسم ہے، فلو سے متاثر افراد کے اعدادو شمار پر بحث کریں توصورتحال بہت تشویشناک ہوگی اور یہی صورتحال دیگر امراض کے لیے بھی ہوگی۔
انہوں نے اعدادو شمار بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں طبعی وجوہات سے اموات کی تعداد 3 ماہ کے دوران کچھ کم ہی ہے، اسپتالوں اور قبرستانوں کے اعداد و شمار سے تصدیق کرنے سےاموات کی تعداد گذشتہ سال کی نسبت کم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فروی تا اپریل 2019ء میں 7073 اموات ہوئیں جب کہ 2020ءکے ان 3 ماہ میں اموات کی تعداد 6454 ہے۔
گورنر سندھ کے مطابق2019ء کے ان 3 ماہ میں 6814 افراد کی تدفین کی گئی جب کہ رواں سال فروری ،مارچ اور اپریل میں قبرستانوں میں تدفین کی تعداد6326 تھی۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ طبعی اموات سمیت مجموعی طور پر 2019ء کے مذکورہ تین ماہ میں 7243 اموات ہوئیں اور 2020ءکے اس عرصہ کے دوران یہ تعداد 6740 ہے جن میں کورونا کے باعث ہونے والی 171 اموات بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 893 ہوچکی ہے جن میں سے 150 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔