عرفان خان کون سی نئی فلم میں کام کرنے والے تھے؟

فائل فوٹو: عرفان خان

بالی وڈ کے مقبول ترین اداکار عرفان خان چند روز قبل دنیائے فانی سے کوچ کر گئے  اور ان کے جانے سے فلم انڈسٹری کی فضا سوگوار ہوگئی۔

عرفان خان نے جہاں بالی وڈ فلموں میں کام کرکے اپنا لوہا منوایا تو وہیں انہوں نے ہالی وڈ انڈسٹری میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اب حال ہی میں بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  اداکار عرفان خان ایک ایسی فلم میں کام کرنے جا رہے تھے جس کا موضوع عالمی وبا پر مبنی تھا جب کہ اس فلم کا نام 'ایمرجنس' تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان ہدایت کار انند گاندھی کی ایک فلم میں کام کرنے والے تھے جس کا موضوع عالمی وبا پر مبنی تھا جب کہ فلم کی کہانی خواتین سائنسدانوں کے گرد گھومتی تھی جو ایک وبائی مرض کے خلاف جنگ لڑ رہی تھیں۔

اس ضمن میں فلم ایمرجنس کے ہدایت کار انند گاندھی کا کہنا تھا کہ 'عرفان اور میں ایک مرتبہ ساتھ پونے گئے تھے جس دوران ہماری دوستی کافی اچھی ہوگئی تھی، وہ میرے ساتھ فلم ایمرجنس میں کام کرنے والے تھے، کاش انہوں نے میرے ساتھ کسی پروجیکٹ میں کام کیا ہوتا'۔

ہدایت کار کا مزید کہنا تھا کہ اس فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر وبائی امراض کے ماہر لیری بریلیئنٹ بننے جا رہے تھے جب کہ یہ پروجیکٹ امریکی اسٹوڈیوز کی شراکت داری کے ساتھ بنایا جا رہا تھا۔

بدقسمتی سے اداکار عرفان خان کینسر کی تشخیص کے بعد صرف فلم 'انگریزی میڈیم' میں ہی کام کر سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی اداکار عرفان خان آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی میں انتقال کرگئے۔

اداکار عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کےلیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔

بعدازاں عرفان خان فروری 2019 میں اپنی فلم 'انگریزی میڈیم' کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئے تھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد وہ واپس لندن چلے گئے تھے۔

عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔

اداکار نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور پیکو سمیت متعدد بہترین فلموں میں کام کیا۔ 

مزید خبریں :