Time 08 مئی ، 2020
پاکستان

تاجر ہفتہ 9 مئی سے کاروبار کھول لیں، آل پاکستان انجمن تاجران

ہفتہ 9 مئی سے اپنے کاروبار کھول لیں، روزانہ صبح 5 سے شام 5 بجے تک کاروبار جاری رکھیں— اعلامیہ

آل پاکستان انجمنِ تاجران نے وزیراعظم عمران خان کے حکم کے مطابق ہفتہ 9 مئی سے تاجروں کو کاروبار کھولنے کی ہدایات جاری کردیں۔

انجمن تاجران کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کےحکم کے مطابق تاجر ہفتہ 9 مئی سے اپنے کاروبار کھول لیں، روزانہ صبح 5 سے شام 5 بجے تک کاروبار جاری رکھیں۔

اعلامیے کے مطابق 21 ، 22 مئی یعنی اگلے ہفتہ اور اتوار کو مکمل چھٹی ہوگی اور اس کے بعد بھی ہر ہفتہ اور اتوار کومکمل چھٹی ہوگی۔

آل پاکستان انجمن تاجران نے کاروباری حضرات کو کہا ہے کہ دکان کے اندر مالک، منیجر سمیت تمام عملہ ہر صورت ماسک پہنے، اچھی کوالٹی کا سینیٹائزر د کان کے کاؤنٹر پر ہر صورت رکھیں، د کان کے باہر رسی باندھ کر رکھیں اور 6 فٹ کے فاصلے پر گول دائرے لگائیں۔

 اعلامیے کے مطابق دو سے زیادہ گاہکوں کو دکان کے اندر نہ داخل ہونے دیں، گاہکوں کو دکان کے باہر دائروں میں کھڑا رکھیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت چھوٹے کاروبار اور دکانوں کو صبح 5 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ تعلیمی اداروں کو بھی 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم کنفیوژن یہ ہے کہ 9 مئی کو ہفتہ ہے اور وفاقی حکومت نے ہفتے میں دو دن کاروبار بند رکھنے کا کہا تھا تاہم ان دو دنوں کی وضاحت نہیں کی البتہ سندھ حکومت نے وہ دو دن ہفتہ اور اتوار منتخب کیے ہیں جب صرف مستثنیٰ کاروبار اور دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے حکم کے مطابق پیر سے چھوٹی دکانیں اور کاروبار کھولا جائے گا جبکہ بڑی مارکیٹس، شاپنگ مالز اور شادی ہالز وغیرہ بدستور بند رہیں گے۔

مزید خبریں :